ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کنشاسا کے چوک میں پراسرار تکونا مینار کہاں سے آیا

کنشاسا کے چوک میں پراسرار تکونا مینار کہاں سے آیا

Sat, 20 Feb 2021 18:06:21  SO Admin   S.O. News Service

لندن،20فروری (آئی این ایس انڈیا)بارہ فٹ لمبا پراسرار دھاتی مینار جس نے دنیا کو تجسس میں مبتلا کر رکھا ہے، شاید اب کسی نئی جگہ پر ظاہر نہ ہو سکے، کیونکہ کانگو والوں نے غالباً بھوت پریت کا طلسم ہوش ربا سمجھ کر نذر آتش کر دیا ہے۔

گانگو کے شہر کنشاسا کے ایک علاقے بنڈال میں یہ پراسرار مینار پہلی بار اتوار کی صبح دیکھا گیا۔ تین روز تک لوگ اسے حیرت سے دیکھتے، اس کے ساتھ اپنی سیلفیاں بناتے اور اس کے متعلق باتیں کرتے رہے۔ پھر بدھ کے روز شکوک و شہبات میں مبتلا ایک ہجوم نے اس پر لاٹھیوں اور پتھروں سے حملہ کر دیا اور پھر اسے آگ لگا دی۔

گزشتہ چند مہینوں سے یہ تماشا جاری تھا کہ دھات کا ایک تکونا مینار نما پراسرار تقریباً 12 فٹ لمبا ٹکڑا دنیا کے کسی حصے میں، رات کے کسی پہر، کسی شہر کے چوراہے یا کسی ویران جگہ پر اچانک نمودار ہو کر مینار کی طرح سیدھا کھڑا ہو جاتا۔ جیسے ہی اس حیرت انگیز چیز کا شہرہ پھیلتا اور اسے دیکھنے کے لیے وہاں لوگوں کے جمگھٹے لگنا شروع ہوتے، تو پھر کسی رات کے اندھیرے میں وہ اچانک وہاں سے غائب ہو جاتا۔

جتنے منہ ہیں، اتنی ہی باتیں ہیں۔ اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ پر اسرار دھاتی مینار کسی بیرونی سیارے سے آئی ہوئی مخلوق نصب کرتی ہے، اور وہی اسے اکھاڑ کر کہیں اور لے جاتی ہے۔ ورنہ مینار ہزاروں میل کے فاصلوں پر، سمندر پار کے ملکوں میں، اور کبھی شہروں کے چوراہوں اور کبھی بیابانوں میں کیسے پہنچ سکتا ہے۔ مگر کسی نامعلوم سیارے کی نامعلوم مخلوق ایسا کیوں کر رہی ہے؟ کسی کے پاس اس سوال کا تسلی بخش جواب نہیں ہے۔

کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ حکومتیں اہم معاملات سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے یہ ڈرامہ کھیل رہی ہیں۔ لیکن اس سوال کا کوئی جواب نہیں ہے کہ ساری حکومتیں ایک ہی ڈرامہ کیوں بار بار پیش کر رہی ہیں۔ کیا ان کے پاس کرنے کو کچھ نیا نہیں ہے؟

کچھ لوگ اسے جادو ٹونا، کچھ سائنس دانوں کے تجربات، اور کچھ کسی گروہ کی شرارت کا نام دے رہے ہیں۔ لیکن کسی کے بھی پاس اپنے نظریے کو ثابت کرنے کے لیے ٹھوس دلائل موجود نہیں ہیں۔

یہ پراسرار مینار نما دھاتی ٹکڑا ہے کیا اور اس کے اچانک نمودار اور غائب ہونے کا مقصد کیا ہے؟ کوئی نہیں جانتا۔ یہ بھی کسی کو معلوم نہیں ہے کہ اسے زمین میں گاڑھنے اور پھر دو تین روز کے بعد تاریکی میں اکھاڑ کر غائب کر دینے کا سبب کیا ہے۔

یہ تکونی دھاتی مینار پہلے پہل نومبر میں امریکی ریاست یوٹاہ کے صحرا میں دیکھا گیا تھا۔ ابھی اس کے بارے میں خبریں اور تصویریں چھپنا اور لوگوں کا وہاں جانا شروع ہوا ہی تھا کہ ایک رات وہ اچانک وہاں سے غائب ہو گیا۔ پھر کچھ عرصے کے بعد اسے رومانیہ میں دیکھا گیا۔ ابھی وہاں کے لوگ پوری طرح اپنی حیرت کا اظہار بھی نہیں کر پائے تھے کہ وہ جس پر اسرار طریقے سے ظاہر ہوا تھا، ایک رات اسی پراسرار انداز میں غائب ہو گیا۔

پھر چند روز کے بعد اسے ترکی میں دیکھا گیا۔ پھر یہ یورپ، آسٹریلیا، افریقہ اور ایشیا کے مختلف ملکوں میں ظاہر ہوا۔ وکی پیڈیا کے مطابق پراسرار دھاتی مینار گزشتہ سال دسمبر سے فروری تک مختلف علاقوں میں لگ بھگ 200 بار دکھائی دے چکا ہے۔ جنوبی ایشیا میں اسے دسمبر کے آخر میں بھارت کے شہر احمد آباد کے ایک پارک میں دیکھا گیا تھا۔ یہ تکونی مینار تہران کے قریب واقع ایک قصبے میں بھی ظاہر ہو چکا ہے جس پر شمال اور جنوب کی نشاندہی بھی کی گئی تھی۔

سوشل میڈیا پر اس پراسرار دھاتی مینار کے بارے میں زور شور سے بحث چلتی رہی ہے۔ تکونی مینار کی پراسرایت سے فائدہ اٹھانے کے لیے بعض افراد نے شرارتاً ملتے جلتے دھاتی مینار نصب کیے۔ بعض کمپنیاں بھی اپنے کاروباری مفاد کے لیے میدان میں کود پڑیں اور لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے کئی علاقوں میں تکونی مینار گاڑھ دیے۔ لیکن اس کے باوجود کچھ مینار ایسے ہیں، جن کے ماخذ کا پتا نہیں لگایا جا سکا اور وہ ابھی تک اسراریت کے پردے میں ڈھکے ہوئے ہیں۔

اگرچہ یہ دھاتی مینار زمین پر پہلی بار گزشتہ نومبر میں دیکھا گیا تھا لیکن اس طرح کے مینار کا تصور پہلی بار 1968 میں ریلیز ہونے والی سائنس فکشن فلم '2001: اے سپیس اوڈیسی' میں پیش کیا گیا تھا۔ فلم میں خلا سے آنے والا ایک پراسرار مینار زمین پر ظاہر ہو کر انسانی ارتقا میں کردار ادا کرتا ہے۔

کنشاسا میں دھوئیں اور آگ کے شعلوں میں گھرے ہوئے تکونی مینار کے قریب کھڑے ایک شخص سراج ایفلو نے اپنی سیلفی بنانے کے بعد تجسس بھری نظروں سے مینار کو دیکھتے ہوئے اپنے قریب کھڑے ایک رپورٹر سے کہا۔' اسے کچھ نہیں ہو گا۔ یہ خلائی مخلوق کا ہے یا کسی جادوگر کا ہے۔ کسی رات اچانک غائب ہو جائے گا'۔


Share: